Sep ۰۱, ۲۰۱۵ ۱۷:۲۰ Asia/Tehran
  • اٹلی کی سینیٹ کے چی‏ئرمین سے ڈاکٹرعلی لاریجانی کی ملاقات
    اٹلی کی سینیٹ کے چی‏ئرمین سے ڈاکٹرعلی لاریجانی کی ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر لاریجانی نے نیویارک میں عالمی بین پارلیمانی اجلاس کے موقع پر اٹلی کی سینٹ کے چیئرمین سے ملاقات اور گفتگو کی ہے

فارس نیوزایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکرڈاکٹرعلی لاریجانی نے منگل کواٹلی کی سینٹ کے چیئرمین سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات خاص طورپراقتصادی تعلقات میں فروغ کاخیرمقدم کیا اورکہا کہ ایران، اٹلی کے ساتھ خاص طور پر اقتصادی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے-

ڈاکٹرلاریجانی نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ ایران اوراٹلی تمام میدانوں خصوصا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور تعاون کر سکتے ہیں-
 انھوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو ایک عالمی موضوع قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس جنگ کا تعلق تمام ممالک سے ہے-

 ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکرنے تاکید کے ساتھ کہا کہ دہشت گردی کا عالمی سطح پر اور اسٹریٹیجک طریقوں سے مقابلہ کرنا چاہئے- ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکرلاریجانی نے کہا کہ ایران اوراٹلی تیل، گیس، صنعت اورپیٹرولیم کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں-
 اس ملاقات میں اٹلی کی سینیٹ کے چیئرمین پیہ رو گراسو نے کہا کہ ان کا ملک دوبارہ یورپ میں ایران کا پہلا تجارتی پارٹنر بننا چاہتا ہے اورایٹمی سمجھوتہ ایران و یورپی یونین کے تعلقات میں بہتری لانے کا ایک اہم موقع ہے-

 پیہ رو گراسو نے علاقے اور مشرق وسطی میں ایران کے کردار کو کلیدی قرار دیا اور کہا کہ دہشت گرد گروہوں بالخصوص داعش کے خلاف ایران کی جنگ قابل قدر ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان منظم جرائم اور منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے لئے اچھا تعاون پایا جاتا ہے-

ٹیگس