امریکہ: کیلی فورنیا میں سیاہ فام نوجوان کے ساتھ پولیس کا تشدد آمیز سلوک
Sep ۱۹, ۲۰۱۵ ۱۷:۴۳ Asia/Tehran
امریکی ریاست کیلی فورنیا میں واقع شہر اسٹاکٹن میں ایک سیاہ فام نوجوان کے ساتھ پولیس کے تشدد آمیز رویے کی ویڈیو، منظر عام پر آنے کے بعد اس سلسلے میں تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں ایک سیاہ فام نوجوان پر تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے۔ اس ویڈیو میں امریکی پولیس اہلکار ایک سیاہ فام نوجوان پر تشدد کرتے اور اسے زمین پر پٹختے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔یہ ویڈیو گزشتہ ہفتے منگل کے دن ایک راہ گیر نے بنائی تھی۔ اس رپورٹ کے مطابق سولہ سالہ ایک امریکی سیاہ فام نوجوان اسکول جا رہا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے اسے سڑک عبور کرتے وقت ٹریفک قوانین کی پابندی نہ کرنے کی بنا پر گرفتار کر لیا۔
اس نوجوان کو بعد میں آزاد کر دیا گیا لیکن اس پر پولیس کے مقابلے میں مزاحمت کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ جب اس سیاہ فام نوجوان پر امریکی پولیس اہلکاروں کے تشدد کی ویڈیو فیس بک پر جاری کی گئی تو اسٹاکٹن شہر کی پولیس کے فیس بک کے صفحے پر انٹرنیٹ کے بہت سے صارفین نے اس واقعے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ اس سیاہ فام نوجوان کے والدین نے کیلی فورنیا پولیس کے خلاف کیس درج کرا دیا ہے۔ امریکہ میں غیر مسلح سیاہ فاموں کے ساتھ پولیس اہلکاروں کی بدسلوکی کے متعدد واقعات کی بنا پر امریکی پولیس اہلکاروں اور سیاہ فاموں کے درمیان کشیدگی میں شدت پیدا ہو گئی ہے۔