امریکہ کے مختلف شہروں میں فائرنگ کے واقعات، متعدد ہلاک و زخمی
-
امریکہ کے مختلف شہروں میں فائرنگ کے واقعات، متعدد ہلاک و زخمی
امریکہ کے مختلف شہروں میں فائرنگ کے واقعات میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں دو نوجوان ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ اس وقت پیش آیا جب نامعلوم مسلح افراد نے اچانک ان گاڑیوں پر فائرنگ کردی جن میں کچھ نوجوان بیٹھے ہوئے تھے۔
فائرنگ دوسرے واقعے میں ایک سولہ سالہ نوجوان کو اس کے گھر سے سامنے گولیوں کا نشانہ بنایا گیا جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
میامی پولیس کے مطابق وہ مذکورہ دونوں واقعات کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ادھر ریاست منی سوٹا کے شہر سینٹ کلاؤڈ کے اسپتال میں زیر حراست ایک مریض نے نگرانی پر مامور پولیس اہلکار کو ہاتھ پائی کے دوران گولی مار کر قتل کردیا۔ مذکورہ مریض بعد میں ہارٹ فیل ہوجانے کے سبب ہلاک ہوگیا۔
امریکہ میں فائرنگ کے واقعات میں اضافے کے بعد صدر براک اوباما نے کانگریس سے اپیل کی تھی کہ وہ آتشیں اسلحہ رکھنے کے مروجہ قوانین کو مزید سخت بنائے۔
امریکہ میں طاقتور اسلحہ لابی کے دباؤ کی وجہ سے امریکی کانگریس تاحال اسلحہ ایکٹ میں ترمیم اور اسے مزید سخت بنانے سے گریز کررہی ہے۔