ہندوستان : جموں کشمیر میں ممنوعہ جماعت اسلامی کے خلاف پولیس کی طرف سے سخت کریک ڈاؤن
جموں و کشمیر میں پولیس نے ممنوعہ جماعت اسلامی کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے-
سحرنیوز/ہندوستان: سری نگر سے ہمارے نمائندے نے جموں و کشمیر پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ جنوبی ضلع کولگام میں ممنوعہ جماعت اسلامی کے خلاف بدھ کو دوسو سے زائد چھاپے مارے گئے۔
اس رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر پولیس کے ایک عہدیدارنے بتایا ہے کہ یہ چھاپے ممنوعہ جماعت اسلامی کے اراکین اور عہدیداروں کے گھروں پر مارے گئے ہیں۔
جموں و کشمیر پولیس کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چار دن میں پولیس نے کولگام نے چار سو زائد تلاشی کے آپریشن انجام دیئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ اس آپریشن کے دوران تقریبا پانچ سو افراد سے تفتیش کی گئی اور مختلف ممنوعہ تنظیموں سے وابستہ بہت سے افراد کو مزید تفتیش کے لئے حراست میں لے لیا گیا۔پولیس نے دعوی کیا ہے کہ آپریشن میں قابل اعتراض مواد اور ڈیجیٹل آلات ضبط کئے گئے۔