نئی حکومت کی تشکیل میں کسی بھی بیرونی طاقت کو مداخلت کا حق نہیں: عراق کی البدر تنظیم کے سربراہ ہادی العامری
عراق کی البدر تنظیم کے سربراہ نے انتخابات کے نتائج کے تعلق سے امریکا کی دھمکی کی سخت مذمت کی ہے اور کہا کہ نئی حکومت کی تشکیل میں کسی بھی بیرونی طاقت کو مداخلت کا حق نہیں ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق عراق کی البدر تنظیم کے سربراہ ہادی العامری نے امریکی مداخلت پر سخت برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نئی عراقی حکومت کی تشکیل میں بیرونی مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ہادی العامری نے عراق کے عام انتخابات میں بعض سیاسی دھڑوں کی کامیابی کی صورت میں عراق کے خلاف اقتصادی اور مالیاتی پابندی لگانے کی امریکی دھمکی کے بارے میں کہا کہ نئی حکومت کی تشکیل میں کسی بھی بیرونی طاقت کو مداخلت کی اجازت نہیں ہوگی۔
انھوں نے کہا کہ انتخابات کا انعقاد عراقی عوام کی بڑی کامیابی ہے۔ ہادی العامری نے کہا کہ ہمیں ملک کے انتخابی کمیشن پر پورا اعتماد ہے اور ہم جانتے ہیں کہ اس بار کے انتخابات گزشتہ سبھی انتخابات سے مختلف ہیں۔ انھوں نے کہا کہ امید ہے کہ انتخابات کے نتائج آنے کے بعد کم ترین وقت میں نئی حکومت قائم ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ عراق میں منگل کو چھٹے دور کے پارلیمانی انتخابات کے لئے ووٹ ڈالے گئے تھے اور اطلاعات کے مطابق عوام نے ان انتخابات میں سرگرم حصہ لیا۔