Oct ۳۰, ۲۰۱۵ ۰۸:۵۹ Asia/Tehran
  • امریکی سیاہ فام کی کینڈا میں پناہ کی درخواست
    امریکی سیاہ فام کی کینڈا میں پناہ کی درخواست

پولیس کے ہاتھوں موت کا خطرہ، امریکی سیاہ فام نے کینیڈا میں پناہ کی درخواست دے دی۔

کینیڈا امیگریشن اور اسائی لم کمیشن نے کہا ہےکہ ایک امریکی سیاہ فام شہری نے کینیڈا میں سیاسی پناہ کی درخوست کی ہے اس امریکی سیاہ فام شہری نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کہیں وہ امریکی پولیس کے ہاتھوں مارا نہ جائے۔


اوٹاوا سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کینڈا کی عدلیہ کی ترجمان میلیسا اینڈرسن نے جمعرات کو کہا کہ کایل لیڈل کاونٹی نے ستمبر میں وینکورو پہنچنے کےبعد سیاسی پناہ کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس امریکی سیاہ فام شہری نے اپنی درخواست کے حق میں کچھ ثبوت بھی پیش کئے ہیں جن میں امریکہ کی چھے ریاستوں میں پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے بارے میں اخبارات کے مضامین ، تصویریں اور ویڈیوز شامل ہیں۔ کاونٹی نے ان چھے ریاستوں میں زندگی گذاری ہے۔


ایک ویڈیو میں اوریگان ریاست میں اس کی گرفتاری کی تصویریں دیکھی جاسکتی ہیں، اسے بس اڈے پر مفت انٹرنیٹ سروس سے استفادہ کرنے اور اپنے فون سے دو گھنٹے تک بات کرنے کی بنا پر پولیس کی ڈانٹ سننی پڑی تھی۔ اس کا کہنا ہےکہ محض اپنے سیاہ رنگ کی وجہ سے پولیس نے اس پر متعدد مرتبہ حملے کئے ہیں۔


امریکہ میں سفید فام پولیس کے ہاتھوں متعدد سیاہ فام شہریوں کے قتل کے بعد سنہ دوہزار چودہ میں متعدد مرتبہ احتجاجی مظاہرے ہوچکے ہیں۔

ٹیگس