شام میں روس کے ایک سو ساٹھ دہشت گرد ہلاک
-
شام میں روس کے ایک سو ساٹھ دہشت گرد ہلاک
روس کی وزارت خارجہ نے شام میں روس کے ایک سو ساٹھ دہشت گردوں کی ہلاکت کی خبر دی ہے۔
روسی وزارت خارجہ کے انسداد دہشت گردی شعبے کے سربراہ اولیگ سیرومولوتوف کے حوالے سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق شام میں داعش گروہ کے ساتھ تعاون کرنے والے ایک سو ساٹھ روسی دہشت گردوں کو مخلتف حملوں میں ہلاک کردیا گیا ہے۔
سیرومولوتوف نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اس وقت پچیس ہزار سے زیادہ غیرملکی ایجنٹ داعش کے پرچم تلے جنگ میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دو ہزار سات سو انیس روسی انتہا پسند داعش کا ساتھ دینے کے لئے شام گئے تھے جن میں سے ایک سو ساٹھ کو ہلاک کر دیا گیا ہے جبکہ تہتر کو روس واپس آنے پر گرفتار کر لیا گیا۔ سیرومولوتوف نے کہا کہ چھتیس افراد کو ابھی حال ہی میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ادھر روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا ہے کہ مصر کے جزیرہ نمائے سینا میں روس کے مسافر بردار طیارے کی تباہی اور پیرس، ترکی، عراق اور لبنان میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ نئے سیکورٹی خطرات سے مقابلے کے لئے تعاون اور ہم آہنگی کا آغاز ہونا چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سب پر یہ پہلے سے زیادہ واضح ہو گیا ہے کہ کوئی بھی ملک، چاہے وہ جس طاقت کا بھی حامل ہو، دنیا پر حکومت اور خود کو درپیش خطرات کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔