Nov ۲۳, ۲۰۱۵ ۱۱:۵۷ Asia/Tehran
  • امریکا کے نیو اورلئان شہر میں  فائرنگ کے ایک واقعے میں کم سے کم سولہ افراد زخمی
    امریکا کے نیو اورلئان شہر میں فائرنگ کے ایک واقعے میں کم سے کم سولہ افراد زخمی

امریکا میں فائرنگ کے ایک واقعے میں کم سے کم سولہ افراد زخمی ہوگئے۔

امریکی ذرائع کے حوالے سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق اتوار کی رات شہر نیو اورلئان کے بونی فرینڈ پارک میں دو مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی ۔ بتایا جاتا ہے کہ فائرنگ کے وقت پارک میں عورتوں اور بچوں سمیت پانچ سو افراد موجود تھے۔

فائرنگ کے اس واقعے میں کم سے کم سولہ افراد زخمی ہوگئے ۔ نیو اورلئان کی پولیس کے سربراہ مائیکل ہریسن نے کہا ہے کہ وہ سارے زخمیوں کے بارے میں کچھ بتانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں لیکن فائرنگ میں کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دو مسلح افراد پارک میں داخل ہوئے اور لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے بعد لوگ زمین پر لیٹ گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق مسلح افراد فائرنگ کرنے کے بعد اطمینان سے ٹہلتے ہوئے پارک سے باہر نکلے اور اندھیرے میں گم ہوگئے۔

امریکا میں گن کلچر رائج ہے جس کی وجہ سے اکثر و بیشتر فائرنگ کے واقعا ت رونما ہوتے رہتے ہیں ۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال میں جنوری سے اکتوبر تک امریکا کے مختلف شہروں میں مسلحانہ تشدد کے انتالیس ہزار پانچ سو بیس واقعات ریکارڈ کئے گئے جن میں نو ہزار نوسو چھپن افراد ہلا ک اور بیس ہزار دو سو انہتر زخمی ہوئے ہیں۔ امریکا میں اسلحے کی خریدو فروخت آزاد ہے اور سالانہ تقریبا پینتالیس لاکھ آتشیں اسلحے فروخت ہوتے ہیں ۔

ٹیگس