عراق اور شام میں داعش دہشت گرد گروہ کمزور ہوگیا: اطالوی وزیر خارجہ پاؤلو جینٹی لونی
اطالوی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ عراق اور شام میں داعش دہشت گرد گروہ کمزور ہوگیا ہے۔
اطالوی وزیر خارجہ پاؤلو جینٹی لونی نے ایک مقامی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ عسکری لحاظ سے داعش دہشت گرد گروہ کمزور ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ داعش اپنی کمزوری چھپانے کے لیے یورپی ملکوں پر حملوں کی دھمکی دے رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ نے کرسمس کے موقع پر یورپی ملکوں کے دارالحکومتوں میں دہشت گردانہ حملوں کی دھمکی دی ہے۔
اطالوی وزیر خارجہ نے عراق کے شہر موصل میں اطالوی فوجیوں کی موجودگی کے بارے میں کہا ان کے ملک کے فوجی وہاں جنگ کے لیے نہیں بلکہ موصل ڈیم کی حفاظت پر تعینات ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اطالوی فوجی عراقی فوج اور پولیس کو تربیت فراہم کر رہے ہیں ۔ شام کے بارے میں انکا کہنا تھا کہ صدر بشار اسد کے مخالف گروہوں کا تعین کیا جانا ضروری ہے تاکہ وہ حکومت شام کے ساتھ مذاکرات میں حصہ لے سکیں۔