Jan ۱۳, ۲۰۱۶ ۱۶:۱۸ Asia/Tehran
  •  ایران کے ساتھ ایٹمی اتفاق رائے ان کی حکومت کی اہم کامیابی، باراک اوباما

امریکی صدر باراک اوباما نے ایران کے ساتھ ایٹمی اتفاق رائے کو اپنی حکومت کی خارجہ پالیسی کی ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق امریکی صدر باراک اوباما نے کانگریس میں آخری سالانہ تقریر میں اپنی حکومت کی داخلہ اور خارجہ پالیسیوں کا دفاع کیا۔

انہوں نے دعوی کیا کہ ایران نے اپنے ایٹمی پروگرام کو ماضی کی طرف پلٹا دیا ہے، افزودہ یورینیم ملک سے باہر بھیج دیا ہے اور دنیا کو بقول ان کے، جنگ کے ایک اور خطرے سے بچا لیا گیا ہے۔

ایران اور گروپ پانچ جمع ایک نے جولائی دو ہزار پندرہ میں ایٹمی معاہدے پر دستخط کئے تھے۔ اس معاہدے کے تحت گروپ پانچ جمع ایک کے رکن ملکوں نے ایران کے ایٹمی پروگرام کو بعض پابندیوں کے ساتھ تسلیم اور تہران کے خلاف عائد تمام پابندیاں اٹھانے کا وعدہ کیا تھا۔

امریکی صدر نے اپنی تقریر میں دہشت گرد گروہ داعش کی سرگرمیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ گروہ امریکہ کے لئے خطرہ شمار نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائیوں کا مطلب یہ نہیں ہے کہ تیسری عالمی جنگ شروع ہو گئی ہے۔

انہوں نے امریکی فوج کو دنیا کی بہترین فوج قرار دیا جو بقول ان کے، دہشت گردوں کو نابود کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

باراک اوباما نے امریکہ کی معاشی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی معیشت، دنیا کی طاقتور اور مستحکم معیشت ہے۔

باراک اوباما کا کہنا تھا کہ امریکی معیشت کی زبوں حالی کا دعوی کرنے والے، خوابوں کی دنیا میں زندگی گزار رہے ہیں۔

ٹیگس