باراک اوباما نے جان کیری کو ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے کا اختیار دے دیا
ایران کے ایٹمی وعدوں پر عمل درآمد کے بارے میں ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کی رپورٹ کے منظرعام پر آنے سے قبل امریکی صدر باراک اوباما نے جان کیری کو ایران پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اختیار دے دیا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے جمعہ کے روز ایک حکم جاری کیا ہے جس کی رو سے وزیر خارجہ جان کیری کو مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کی تائید کے لیے ضروری اختیار حاصل ہو گا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد شروع ہوتے ہی ایران کے خلاف مالی، توانائی اور بینکاری کے شعبوں پر عائد پابندیاں ختم ہونے کا عمل شروع ہو جائے گا۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان جاش ارنسٹ نے جمعہ کے روز ایک پریس کانفرنس میں اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد میں اہم پیشرفت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ایران پوری تندہی سے اپنے وعدوں پر عمل کر رہا ہے۔
گزشتہ سال جولائی کے مہینے میں امریکہ، روس، چین، برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تاریخی ایٹمی معاہدہ کیا تھا۔