Jan ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۰:۵۷ Asia/Tehran
  • باراک اوباما نے کہا ہے کہ امریکہ نے اپنے قومی مفادات کی خاطر ایران کے ساتھ مذاکرات کیے۔
    باراک اوباما نے کہا ہے کہ امریکہ نے اپنے قومی مفادات کی خاطر ایران کے ساتھ مذاکرات کیے۔

امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ کئی دہائیوں تک ایران کے ساتھ مذاکرات نہ کرنے سے امریکی مفادات پورے نہیں ہوئے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق باراک اوباما نے اتوار کے روز اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ دہائیوں کے دوران ایران اور امریکہ کے درمیان تعلقات نہ ہونے کی وجہ سے دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات نہیں ہوئے لیکن اس کے باوجود امریکہ نے اپنے قومی مفادات کی خاطر ایران کے ساتھ مذاکرات کیے۔ انھوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدہ ایک عظیم کامیابی تھی اور یہ معاہدہ اس بات کا باعث بنا کہ ایران نے اپنی سینٹری فیوج مشینوں کی تعداد کم کر دی اور اپنے ایٹمی پروگرام کو محدود کر دیا۔

امریکی صدر نے کہا کہ آئندہ برسوں کے دوران بین الاقوامی معائنہ کار ایران کے ایٹمی فیول سائیکل کی مکمل نگرانی کریں گے۔ باراک اوباما نے مزید کہا کہ امریکہ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے اپنے فوجیوں کو طاقت کا استعمال کیے بغیر چوبیس گھنٹے سے بھی کم عرصے میں آزاد کرا لیا۔ امریکی شہریوں کا ایران کی جیلوں سے رہا ہونا ایک بڑی کامیابی تھی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایٹمی معاہدہ ہونے اور قیدیوں کی آزادی کے بعد اب وقت آ گیا ہے کہ دونوں ملک اپنے دیگر اختلافات بھی حل کر لیں۔ یہ طے نہیں تھا کہ ایٹمی معاہدہ ایران کے ساتھ امریکہ کے تمام اختلافات کو حل کر دے گا۔ ایران کے ساتھ باقی ماندہ مسائل کو حل کرنے میں وقت لگے گا۔

ٹیگس