یورپی یونین ٹوٹ سکتی ہے: فرانسیسی وزیراعظم مانوئیل والس
فرانس کے وزیراعظم مانوئیل والس نے یورپی یونین کے ٹوٹنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے ذیلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مانوئیل والس نے متنبہ کیا کہ یورپی یونین کو بہت سے خطرات کا سامنا ہے جو آئندہ مہینوں میں اس یونین کے ٹوٹنے کا سبب بن سکتے ہیں۔
انہوں نے پناہ گزینوں کے مسلے کو یورپی یونین کو درپیش خطرات میں سے ایک قرار دیا جو بقول ان کے اس اتحاد کو منتشر کرسکتا ہے۔فرانسیسی وزیراعظم نے کہا کہ یہ خطرات یورپی یونین میں دراڑیں ڈال سکتے ہیں اور اس میں سال یا عشرے نہیں بلکہ صرف چند مہینے لگیں گے۔
یورپی ملکوں کو ان دنوں افریقہ اور مشرق وسطی خاص طور سے شام کی جنگ کے نتیجے میں ترک وطن کرنے والوں کے ہجوم کا سامنا ہے۔اقوام متحدہ کے ادارہ پناہ گزیناں کے مطابق سن دوہزار پندرہ کے دوران ایک ملین سے زیادہ لوگ پناہ کی تلاش میں یورپ پہنچ چکے ہیں۔ فرانسیسی وزیراعظم نے دہشت گردی نیز برطانیہ کے ممکنہ اخراج کو یورپی یونین کو درپیش دیگر اہم ترین خطرات قرار دیا۔ قابل ذکر ہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین میں باقی رہنے یا نہ رہنے کے بارے میں ریفرنڈم دوہزار سترہ کے اختتام تک کرائے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔