امریکہ نے شام اور عراق پر حملوں میں عام شہریوں کی ہلاکت کا اعتراف کر لیا
امریکہ نے شام اور عراق میں جاری فضائی حملوں کے دوران عام شہریوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے۔
ڈیلی بیسٹ نے داعش کےخلاف فضائی حملوں پر نظر رکھنے والی تنظیم ایئر وارز کے حوالے سے لکھا ہے کہ پینٹاگون نے عراق اور شام میں امریکی فضائی حملوں کے دوران مارے جانے والے عام شہریوں کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق پینٹاگون نے مذکورہ دونوں ملکوں میں جاری فضائی حملوں کے دوران بڑے پیمانے پر عام شہریوں کے مارے جانے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ان ہلاکتوں سے متعلق تازہ ترین اعداد و شمار جلد جاری کردیئے جائیں گے۔
ایئر وارز کے مطابق اسے اپنے ذرائع معلوم ہوا ہے کہ امریکی وزارت دفاع ایسے چودہ معاملات کی تفصیلات جاری کرے گی جن میں عام شہری مارے گئے ہیں۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ امریکی حکام نے شام اور عراق میں عام شہریوں کے قتل پر منتج ہونے والے اکہتر میں سے صرف اکیس کیسوں کو تسلیم کرتے ہوئے ان کی تحقیقات کرانے کا وعدہ کیا ہے۔
ایئر وارز نامی تنظیم نے عراق اور شام میں امریکی فضائی حملوں کے دوران مرنے والے عام شہریوں کی تعداد آٹھ سو بیاسی سے دوہزار چارسو بائیس کے درمیان بتائی ہے۔