فرانس میں ایمرجنسی کی مدت میں توسیع کے خلاف زبردست مظاہرہ
-
فرانس میں مظاہرین نے ملک میں ایمرجنسی کی مدت میں توسیع کے خلاف نعرے لگائے-
فرانس کے دارالحکومت پیرس اور شہر تلوز میں ہزاروں افراد نے ملک میں ایمرجنسی کی مدت میں توسیع کے حکومتی منصوبے کے خلاف احتجاج کیا۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت پیرس میں ہوئے مظاہروں میں تقریبا بیس ہزار لوگوں نے حصہ لیا- تفصیلات کے مطابق سنیچر کو پیرس میں عوام سڑکوں پر نکل آئے اور ملک میں ایمرجنسی کی مدت میں توسیع کے خلاف نعرے لگانے لگے-
پیرس میں تیرہ نومبر کو دہشتگردانہ حملوں کے بعد صدر فرانسوا اولاند نے ایمرجنسی لگا دی تھی، جس کی مدت میں تین ماہ تک توسیع کردی گئی ہے اور اب حکومت نے ایمرجنسی کی مدت میں مزید توسیع کرنے کا اعلان کیا ہے-
مظاہرین نے ایمرجنسی کی مدت بڑھائے جانے کے سلسلے میں خبردار کیا- مظاہرے میں شریک ایک سرگرم رکن نے کہا کہ فرانس میں ایمرجنسی کی مدت میں توسیع عارضی فوجی بغاوت ہے- فرانس کے تلوز شہر میں بھی عوام نے ایمرجنسی کے خلاف مظاہرہ کیا-
یہ احتجاجی مظاہرے ایسی حالت میں ہوئے ہیں کہ جب فرانس کی حکومت آئندہ تین مہینوں تک ایمرجنسی نافذ رکھنا چاہتی ہے- ایمرجنسی کی مدت میں توسیع کا بل تین فروری کو کابینہ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد یہ بل پارلیمنٹ میں بھیجا جائے گا- فرانس میں بڑھتی ہوئی تشویش کی وجہ اس ملک کی حکومت کا وہ منصوبہ بھی ہے جس کے تحت فرانس میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ان ملزموں کی شہریت ختم کردی جائے گی جو فرانس میں پیدا تو ہوئے ہیں لیکن ان کے پاس دہری شہریت ہے- اس منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے وزیر انصاف کیسٹرین ٹوبیرا نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے-