فرانس میں وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ فرانس میں ہنگامی حالت کے نفاذ کے جاری رہنے سے انسانی حقوق کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزی ہو رہی ہے -
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک بیان جاری کرکے فرانسیسی حکومت سے کہا ہے کہ وہ ملک میں ہنگامی حالت کے نفاذ کو جاری رکھنے کے لئے کوئی ٹھوس دلیل یا جواز پیش کرے - ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ فرانس میں ہنگامی حالت کے نفاذ کی وجہ سے عدالتی وارنٹ کے بغیر ہی لوگوں کو حراست میں لے لیا جاتا ہے اور شہریوں کے گھروں کی تلاشی لی جاتی ہے-
مذکورہ تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ اس صورتحال میں سیکورٹی اہلکاروں کے اقدامات اکثر و بیشتر کسی عدالتی وارنٹ کے بغیر انجام پاتے ہیں اور یہ اہلکار عام شہریوں پر تشدد بھی کرتے ہیں -ایمنسٹی انٹرنیشنل کے یورپ اور ایشیا کے شعبے کے انچارج جان دلہویسن نے بھی اعلان کیا ہے کہ فرانس میں عدلیہ کو حد سے زیادہ اختیارات دے دئے جانے سے انسانی حقوق کی پامالی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے -
اس تنظیم نے ساتھ ہی خبردار کیا ہے کہ چـھبیس فروری کے بعد ہنگامی حالت کے نفاذ کی مدت میں توسیع نہیں ہونی چاہئے اور ا گر فرانس کی حکومت اس مدت میں توسیع کرنا ہی چاہتی ہے تو پہلے اس کو یہ ثابت کرنا چـاہئے کہ ایسا کرنا ناگزیر ہے - ایمنسٹی انٹرنیشنل نے یہ رپورٹ ایک ایسے وقت پیش کی ہے جب فرانسیسی حکومت کے ترجمان اسٹیفن لی فول نے بدھ کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک میں ہنگامی حالت کا نفاذ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک نئے عدالتی قوانین کا بل پاس نہیں ہو جاتا- فرانسیسی حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ حکومت نے چھبیس فروری کے بعد بھی مزید تین مہینے کے لئے ایمرجنسی کی مدت میں توسیع کی درخواست کی ہے -
ان کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی یا ہنگامی حالت کے نفاذ کے قانون کی مدت میں توسیع کے بل پر منگل نو فروری کو سینیٹ میں بحث ہوگی اور اس کے بعد آئندہ سولہ فروری کو فرانس کی پارلیمنٹ میں اس بل کا جائزہ لیا جائے گا- فرانسیسی حکومت کے ترجمان کا یہ بیان کہ ہنگامی حالت کا نفاذ شہریوں کے حقوق کا احترام برقرار رکھتے ہوئے جاری رہے گا ایسی حالت میں سامنے آیا ہے، جب پیرس حملوں کے بعد سیکورٹی فورس کےخصوصی سیکورٹی اقدامات پر انسانی حقوق کی بہت سی تنظیموں اور شخصیات نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات سے شہریوں کی انفرادی آزادی متاثر اور انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے -
دوسری جانب ہنگامی حالت کے نفاذ کی مدت میں توسیع کے اعلان کے ساتھ ساتھ فرانس کے آئین میں اصلاحات اور نظرثانی کے موضوع پر بھی شہری حقوق کی حامی تنظیموں اور فرانس کے مسلم حلقوں نے سخت احتجاج کیا ہے - فرانس کی مسلم تنظیموں اور اداروں نے کہا ہے کہ ہنگامی حالت کے نفاذ کی مدت میں توسیع اور بنیادی آئین میں اصلاحات اور نظر ثانی سے مسلمانوں کے خلاف اسلام دشمنی پر مبنی مخاصمانہ اقدامات میں اضافہ ہوگا -