سعودی حکومت نے یمن پر جارحیت میں امریکی کلسٹر بم استعمال کئے
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ ڈاگ نے ایک بار پھر اعلان کیا ہے کہ سعودی حکومت نے یمن پر جارحیت میں امریکی کلسٹر بم استعمال کئے ہیں۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ ڈاگ، اس سے پہلے بھی متعدد رپورٹوں میں یمن پر سعودی جارحیت میں ممنوعہ کلسٹر بم استعمال کئے جانے کی تصدیق کر چکی ہے۔ انسانی حقوق کی اس عالمی تنظیم نے اپنی تازہ رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ سعودی حکومت نے یمن کے رہائشی علاقوں پر وسیع پیمانے پر جو ممنوعہ کلسٹر بم گرائے ہیں وہ امریکہ نے سعودی حکومت کو دیئے ہیں۔
ہیومن رائٹس واچ ڈاگ کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت کو ان ممنوعہ بموں کی سپلائی امریکہ کے برآمدات سے متعلق قانون کی خلاف ورزی بھی ہے۔
ہیومن رائٹس واچ ڈاگ نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ یمن کی جنگ میں جتنے بھی کلسٹر بم استعمال ہوئے ہیں وہ سب سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کے جنگی طیاروں نے گرائے ہیں کیونکہ امریکہ کے تیار کردہ ان کلسٹر بموں تک صرف سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کو ہی دسترسی حاصل ہے۔