مشرقی یوکرین میں جنگ بندی کی خلاف ورزی
یوکرین کی حکومت مخالف فوج نے یوکرینی فوج پر ملک کے مشرقی علاقوں میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔
ایتار تاس کی رپورٹ کے مطابق حکومت مخالفین نے جمعرات کو بتایا کہ یوکرینی فوج نے گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے مشرق میں ان کے فوجی ٹھکانوں پر تین بار حملہ کیا ہے۔
حکومت مخالفین کے اعلان کے مطابق یوکرینی فوج نے اپنے حملوں میں ہلکے ہتھیاروں، دستی بموں اور مارٹر گولوں کا استعمال کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی طرف سے جاری ہونے والی تازہ رپورٹ کے مطابق مشرقی یوکرین میں ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں اس علاقے کے نو ہزار ایک سو پینتالیس افراد ہلاک اور تقریبا" اکیس ہزار زخمی ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق یوکرین میں بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد گیارہ لاکھ سے زیادہ ہے۔