Feb ۲۴, ۲۰۱۶ ۱۷:۱۸ Asia/Tehran
  •  تارکین وطن کے بحران سے نمٹنے میں یورپ کے طرز عمل پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کی تنقید

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے تارکین وطن کے بحران سے نمٹنے میں یورپ کے طرز عمل پر تنقید کرتے ہوئے یورپی ملکوں کے موقف کو شرمناک قرار دیا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکریٹری جنرل نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ یورپ، جو دنیا کا سب سے زیادہ دولت مند براعظم ہے، دنیا کے سب سے زیادہ ستم رسیدہ لوگوں کے بعض بنیادی حقوق کی بھی رعایت نہیں کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ شام اور دیگر ملکوں سے اپنی جان بچا کر یورپ جانے والے تارکین وطن کے لئے شینگن زون کے بعض یورپی ممالک نے اپنی سرحدوں پر نگرانی بڑھادی یا سرحدیں بند کر دی ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکریٹری جنرل نے یورپ کا رخ کرنے والے تارکین وطن کے لئے قانونی اور پرامن راستے کے قیام کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر بعض تارکین وطن کے ذریعے کچھ غیر قانونی حرکتیں دیکھنے میں آئی ہیں تو صرف انہی لوگوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے اور سبھی تارکین وطن کو اجتماعی سزا نہیں دی جانی چاہئے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے یورپی شعبے کے سربراہ جان دلہیوسن نے بھی کہا ہے کہ شاید جرمنی کو چھوڑ کر سبھی یورپی ملکوں نے اپنی سرحدوں کی حفاظت کو پناہ گزینوں اور تارکین وطن کے حقوق پر زیادہ ترجیح دی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ تارکین وطن کا بحران مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے ملکوں میں جنگ کی آگ بھڑکانے کی مغرب کی پالیسیوں کا ہی نتیجہ ہے۔ ان ملکوں میں خانہ جنگی اور تباہ کن جنگوں کی وجہ سے دسیوں لاکھ افراد بے گھر ہو گئے ہیں جن میں سے بڑی تعداد میں لوگوں نے یورپی ملکوں کا رخ کر لیا ہے۔

ٹیگس