امریکہ کے اتحادی ممالک شام میں جنگ بھڑکا رہے ہیں: روس
روس کے وزیر خارجہ نے شام کے مسئلے میں بعض امریکی اتحادیوں پر، جنگ بھڑکانے اور اس ملک کے تنازعے کو ہوا دینے کا الزام عائد کیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق سرگئی لاوروف نے ماسکو میں کہا کہ جو افراد شام میں جنگ بندی کے قیام کے بارے امریکہ اور روس کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے پر انگلی اٹھا رہے ہیں در حقیقت وہ جنگ کی دعوت دے رہے ہیں- انہوں نے کہا کہ آج ایسے افراد بھی ہیں جو یہ نہیں چاہتے کہ روس اور امریکہ کے تعلقات کو فروغ حاصل ہو اور ان کی کوشش ہے کہ شام میں جنگ بندی کے لئے، کہ جو اہم ترین عالمی مسئلہ ہے، دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے میں رکاوٹیں کھڑی کریں-
روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ ٹھیک اسی دن جب روس اور امریکہ نے شام میں جنگ بندی کے قیام پر اتفاق رائے کیا تو واشنگٹن کے بعض اتحادی ممالک کی جانب سے ایسے بیانات سامنے آئے کہ جن میں شام میں جنگ بندی کے قیام کے تعلق سے، سمجھوتے کے عملی ہونے کے امکان پر انگلی اٹھائی گئی-
واضح رہے کہ گذشتہ پیر کو روس اور امریکہ کے صدور کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے کی رو سے، شام میں ستائیس فروری سے جنگ بندی کا قیام عمل میں آ رہا ہے-