شام میں جنگ بندی کے ساتھ ساتھ سیاسی اقدامات کی بھی ضرورت، جرمن وزیر خارجہ
جرمنی کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ شام میں جنگ بندی کے ساتھ ساتھ سیاسی اقدامات کی بھی ضرورت ہے۔
جرمن وزیر خارجہ فرانک اشٹائن مائر نے اپنے دورہ امریکا سے قبل کہا کہ شام کے موجودہ حالات سے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ جنگ بندی اسی صورت میں پائیدار رہ سکتی ہے جب سیاسی اقدامات بھی انجام دیئے جائیں۔
جرمن وزیر خارجہ نے شام سے متعلق جنیوا مذاکرات کے دوبارہ آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ مذاکرات میں شام کے مختلف سیاسی گروہ شرکت کریں گے جن میں حکومتی اور مخالف سیاسی گروہوں کے نمائندے، سبھی موجود ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کا مذاکراتی عمل شام کے بحران کو حل کرنے کی جانب ایک دوسرا قدم ثابت ہو سکتا ہے۔ جرمن وزیر خارجہ نے اپنے دورہ امریکا کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے میں اہم عالمی مسائل منجملہ شام کے بحران پر امریکی حکام سے بات چیت ہو گی۔