Mar ۰۷, ۲۰۱۶ ۱۷:۲۹ Asia/Tehran
  • ایران کی ایٹمی سرگرمیوں کے پرامن ہونے کی ایک بار پھر تصدیق

آئی اے ای اے کے سربراہ نے ایران کی ایٹمی سرگرمیوں کے پرامن ہونے کی ایک بار پھر تصدیق کردی ہے۔

ویانا میں آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کے سہ ماہی اجلاس میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے یوکیا آمانو نے کہا ہے کہ آئی اے ای اے نے ایران کی ایٹمی سرگرمیوں میں کسی انحراف کا مشاہدہ نہیں کیا ہے-

انہوں نے اس بات کی جانب بھی اشارہ کیا کہ ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے جامع ایٹمی معاہدے، جے سی پی او اے پر عملدرآمد کے بارے میں رپورٹ پہلے ہی بورڈ آف گورنر کو موصول ہوچکی ہے۔

آئی اے ای اے کے سربراہ نے کہاکہ ایران نے این پی ٹی کے اضافی پروٹوکول پر سولہ جنوری سے رضاکارانہ طور پر عملدرآمد کا آغاز کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی اے ای اے ایران کی ایٹمی سرگرمیوں کے بارے میں غیر جانبدارانہ رپورٹ تیا ر کرے گا۔

یوکیا آمانو نے کہا کہ ایران میں سیف گارڈ کی نگرانی کے لیے بھی ایک علیحدہ شعبہ آئی اے ای اے کے سیف گارڈ ڈپارٹمنٹ میں قائم کردیا گیا ہے۔

آئی اے ای اے کے سربراہ نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس سو اکتیس کے تحت ، ایران بھی ادارے کی تمام سرگرمیوں میں حصہ لے سکتا ہے جن میں ٹیکنیکل اجلاسوں، کانفرنسوں ، تربیتی ورکس شاپ اور کلاسوں میں مشارکت وغیرہ شامل ہے۔

قابل ذکر ہے کہ آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کے موسم بہار کا اجلاس پیر سے ویانا میں ادارے کے ہیڈکوارٹر میں شروع ہوگیا ہے۔

ٹیگس