تارکین وطن کے بارے میں ترکی اور یورپی یونین کا معاہدہ غیر قانونی
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے تارکین وطن کے بارے میں ترکی اور یورپی یونین کے معاہدے کو غیر قانونی اور غیر اخلاقی قرار دیا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ یورپی یونین کے سربراہوں نے تارکین وطن کی واپسی کے سلسلے میں ترکی کے ساتھ جو معاہدہ کیا ہے وہ غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ معاہدہ عالمی بحرانوں کو اہمیت نہ دینے اور انہیں نظر انداز کرنے کے یورپی یونین کے ارادے کے چھپانے میں ناکام رہا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے یورپی اور ایشیائی شعبے کے سربراہ جان الحسین نے کہا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کی پابندی کے یورپی یونین کے وعدے زہر کی میٹھی گولیوں کی طرح ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ پناہ گزینوں کو ترکی واپس بھیجنا، پناہ گزینوں کے حقوق کے بارے میں بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے یورپی اور ایشیائی شعبے کے سربراہ نے کہا کہ ترکی پناہ گزینوں کے لئے پر امن جگہ نہیں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جمعے کو بریسلز میں ترکی اور یورپی یونین کے درمیان ایک معاہدہ ہوا ہے جس میں ترکی نے ان تمام پناہ گزینوں کی ترکی واپسی کو منظور کرلیا ہے جوترکی سے یونان پہنچے ہیں۔
اس معاہدے کی رو سے یورپی یونین پناہ گزینوں کی میزبانی کے لئے دو ہزار اٹھارہ کے اختتام تک ترکی کو تین ارب یورو کی رقم ادا کرے گی۔