ہم ایٹمی توانائی سے استفادے کے لئے ایران کے حق کو تسلیم کرتے ہیں: اوباما
امریکی صدر اوباما نے کہا ہے ہم ایٹمی توانائی سے استفادے کے لئے ایران کے حق کو تسلیم کرتے ہیں
امریکی میڈیا کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے گذشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی نوروز اور نئے ہجری شمسی سال کی آمد کی مناسبت سے مبارکباد پیش کی ہے- اوباما کا یہ پیغام ہفتے کے روز واشنگٹن میں شائع ہوا جس میں بارک اوباما نے کہا ہے کہ میں ہر سال نوروز سے استفادہ کرتا ہوں تاکہ ایرانی عوام کے ساتھ اس سلسلے میں، کہ کس طرح سے ان کے ساتھ تعلقات کے نئے باب کا آغاز کیاجائے، بات کروں-
بارک اوباما نے امریکہ اور ایران کے دو طرفہ تعلقات کے بارے میں کہا کہ گذشتہ چند عشروں میں پہلی بار نئے مستقبل کے حوالے سے ایک موقع ہاتھ آیا ہے- امریکی صدر نے کہا کہ گذشتہ برسوں میں بارہا آپ نے سنا ہے کہ میں نے کہا کہ ایران کے ساتھ مشترکہ مفادات اور احترام کی بنیاد پر تعاون کے لئے امریکہ آمادہ ہے، اور یہ وہی کام تھا جو میں نے کیا ہے -
انہوں نے مشترکہ جامع ایکش پلان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چند برسوں میں امریکہ اور ایران کے سفارتکار اور ایٹمی سائنسداں ایک جگہ جمع ہوئے اور انہوں نے آمنے سامنے بات چیت کی اور گذشتہ موسم گرما میں ہم نے ایران کے ساتھ تاریخی ایٹمی معاہدہ کیا-
انہوں نے کہا کہ ایران نے ایٹمی سمجھوتے میں کئے گئے وعدوں پرعمل کیا جس کے بعد عالمی برادری نے ایران کے خلاف عائد پابندیاں اٹھا لیں اور ایران کا جو سرمایہ بیرون ملک میں منجمد تھا اس تک اسے دسترسی حاصل ہوگئی-