شام کے بارے میں ایران اور روس کا صلاح و مشورہ
اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے نائب وزرائے خارجہ نے شام میں پائیدار جنگ بندی، دہشت گردی کے خلاف سنجیدہ مقابلے اور شامی گروہوں کے درمیان مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے نائب وزرائے خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور میخائل بوگدانف نے جمعرات کے روز ٹیلی فون پر بات چیت کی اور شام کے بارے میں جنیوا مذاکرات کو مثبت قرار دیا۔ دونوں فریقوں نے شام کی حاکمیت اور ارضی سالمیت پر زور دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نمائندے کی کوششوں کی تعریف کی اور اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے میں شامی عوام کے کردار پر زور دیا۔
ایران اور روس کے نائب وزرائے خارجہ نے اسی طرح یمن کے بارے میں امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کی کوششوں سے وہاں جنگ رک جائے گی اور جنگ بندی ہو جائے گی اور یمن کے عوام کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد ملے گی۔ اس بات چیت میں دونوں رہنماؤں نے اسی طرح یمن میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرے اور یمنی گروہوں کے درمیان مذاکرات شروع ہونے کی اہمیت پر زور دیا۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بحرینی شہریوں کی گرفتاریاں جاری رہنے اور ان کی شہریت منسوخ کیے جانے اور اسی طرح بحرین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے جمہوری طریقے سے بحرینیوں کے قومی مذاکرات پر زور دیا۔