Mar ۲۸, ۲۰۱۶ ۰۸:۲۶ Asia/Tehran
  • شام: شہر پالمیرا کی آزادی پر بان کی مون کا اظہار خوشی

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے شام کے تاریخی شہر پالمیرا کو آزاد کرا لئے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس تاریخی شہر کا تحفظ کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے اردن میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یونسکو کی عالمی میراث کا حصہ دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد ہونا ایک خوشی کی بات ہے اور اب شام کی حکومت اس عالمی ثقافتی سرمائے کا تحفظ کرنے پر قادر ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ شامی فوج اور عوامی رضار دستوں نے اتوار کے روز ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے شام کے تاریخی شہر تدمر یا پالمیرا کو دہشت گردوں کے قبضے سے مکمل آزاد کرا لیا۔ اس شہر پر گذشتہ سال مئی کے مہینے میں دہشت گردوں نے قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد اس تاریخی شہر کے آثار قدیمہ کے بارے میں عالمی برادری نے گہری تشویش کا اظہار کیا تھا۔

اقوام متحدہ کے ادارہ یونسکو نے بھی اس تاریخی شہر کو آزاد کرانے میں شامی فوج اور عوامی رضاکار سیکورٹی دستوں کی کوششوں کی قدردانی کرتے ہوئے تدمر یا شہر پالمیرا کو انسانی تاریخ و تمدن کا مظہر قرار دیا۔ دہشت گردوں نے اس شہر پر قبضہ کرنے کے بعد وہاں کے بہت سے تاریخی آثار کو تباہ کر دیا تھا۔

ٹیگس