امریکی ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار نے سعودی عرب کو داعش اور دیگردہشت گرد گروہوں کا حامی قرار دے دیا
امریکا کے ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار برنی سنڈرز نےسعودی عرب کو داعش اور دیگردہشت گرد گروہوں کا حامی قرار دیا ہے
امریکا کے صدارتی امیدوار برنی سنڈرز نے سعودی عرب کو دہشت گردوں کا حامی قرار دیتے ہوئے داعش اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے لئے سعودی عرب کی حمایتوں پر اپنی تشویش ظاہر کی ہے-
ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار برنی سنڈرز نے سی این این سے گفتگو میں گیارہ ستمبر کے بل کے بارے میں جس کی بنیاد پر سعودی حکومت کو امریکی عدالتوں میں گیارہ ستمبر کے حملوں کا ذمہ دار قرار دیا جائے گا کہا کہ پچھلے چند برسوں کے دوران گیارہ ستمبرکے حملوں میں سعودی شہریوں کے ملوث ہونے کے سلسلے میں نہ صرف بہت سی باتیں کہی گئی ہیں بلکہ سعودی عرب کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کی حمایت کے بارے میں بھی تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے -
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہمیں کوئی قدم اٹھانے سے پہلے مکمل اطلاعات و معلومات حاصل کرنا ہوگی لیکن اس سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کہ داعش اور دیگر دہشت گرد گروہوں کی حمایت میں سعودی شاہی خاندان کے کردار کے بارے میں بہت زیادہ تشویش پائی جاتی ہے -
واضح رہےکہ امریکی صدارتی امیدوار کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب سعودی حکومت نے امریکا کو دھمکی دی ہے کہ اگر گیارہ ستمبر کے حملوں میں سعودی عرب کے ملوث ہونے سے متعلق بل کو منظور کیا گیا تو وہ امریکا میں اپنے اثاثے فروخت کر دے گا -