ویانا اجلاس کا اختتام
ایٹمی معاہدے کے بعد ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مشترکہ کمیشن کا ویانا میں ہونے والا اجلاس ختم ہو گیا۔
ویانا کے کوبرگ ہوٹل میں چار گھنٹے تک جاری ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس میں ایران کی جانب سے سینیئر مذاکرات کار سید عباس عراقچی اور پانچ جمع ایک گروپ کی جانب سے یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی ڈپٹی انچارج ہیلگا اشمید نے مذاکراتی ٹیموں کی قیادت کی-
اجلاس شروع ہونے سے قبل ایران کے وفد کے سربراہ عباس عراقچی اور ہیلگا اشمید نے اجلاس کے ایجنڈے کو ہم آہنگ بنانے کے لئے ملاقات کی-
ایران کے سینیئر مذاکرات کار اور نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اجلاس سے قبل ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کمیشن کی ذمہ داری ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کی نگرانی اور اس راہ میں ممکنہ طور پر پیش آنے والی مشکلات کو حل کرنا ہے-
انہوں نے کہا کہ کمیشن کی ذمہ داریوں میں ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے معاملات کا جائزہ لینا اور ان کو کنٹرول کرنا بھی شامل ہے تاکہ سارے امور صحیح طریقے سے اور بروقت انجام پا سکیں-