Apr ۲۸, ۲۰۱۶ ۱۳:۴۴ Asia/Tehran
  • ایٹمی ہتھیار رکھنے والے ممالک سے اقوام متحدہ کی اپیل

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ایٹمی ہتھیار رکھنے والے ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ ایٹمی تجربات روک دیں۔

تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے بدھ کے روز آسٹریا کے شہر ویانا میں ایٹمی تجربات پر پابندی کے معاہدے سی ٹی بی ٹی کی بیسویں سالگرہ کی تقریب میں ایٹمی ہتھیار رکھنے والے ممالک سے اپیل کی کہ وہ ایٹمی تجربات روکنے کے ساتھ ساتھ ترک اسلحہ مذاکرات میں شامل ہوں۔

بان کی مون نے کہا کہ ایٹمی تجربات انسانوں اور ماحولیات کی سلامتی کو نقصان پہنچاتے ہیں اور ان تجربات کے نتیجے میں تابکاری اثرات آئندہ نسلوں کی زندگی کے ماحول پر اثر انداز ہوتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے شمالی کوریا کے ایٹمی تجربات کے بارے میں کہا کہ پیونگ یانگ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے باوجود ایٹمی تجربات کیے ہیں اور ان کی خلاف ورزی کی ہے۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا نے چھے جنوری دو ہزار سولہ کو پہلی بار ایک ہائیڈروجن بم کا تجربہ کیا تھا کہ جو دو ہزار چھے کے بعد اس کا چوتھا ایٹمی تجربہ ہے۔

واضح رہے کہ دس ستمبر انیس سو چھیانوے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایٹمی تجربات پر پابندی کے معاہدے سی ٹی بی ٹی کی منظوری دی تھی اور اسی سال ستمبر کے آخر میں اسے دستخط کے لیے پیش کر دیا گیا۔

یہ معاہدہ تمام رکن ملکوں کو ہر قسم کے ایٹمی تجربے سے روکتا ہے۔

ٹیگس