سیاہ فاموں کے خلاف امریکی پولیس کا تشدد جاری
امریکی پولیس نے ایک اور سیاہ فام نوجوان پر فائرنگ کرکے اسے زخمی کردیا-
امریکی اخبار بالٹیمور سن کی رپورٹ کے مطابق امریکی پولیس نے ایک اور سیاہ فام نوجوان کو گولی مارکر زخمی کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سیاہ فاموں کے خلاف امریکی پولیس کا تشدد جاری ہے اور تازہ واقعے میں پولیس نے بدھ کے روز بالٹیمور شہر میں ایک سیاہ فام نوجوان کو گولی مارکر زخمی کردیا۔
امریکی پولیس نے دعوی کیا ہے کہ ڈیڈرک کیلون نوجوان کے پاس ایئر گن تھی اور اسی وجہ سے پولیس افسران نے یہ خیال کیا کہ وہ مسلح ہے۔ بالٹیمور کے ایک پولیس انسپکٹر کیون ڈیوس نے سیاہ فام نوجوان پر پولیس حملے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس سیاہ فام نوجوان کی ایئر گن اصل ہتھیار جیسی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ امریکا میں سیاہ فام باشندوں پر پولیس کے تشدد میں دوہزار چودہ سے اضافہ ہوا ہے۔ ادھر گارڈین اخبار نے رپورٹ دی ہے کہ امریکی پولیس کے ہاتھوں سفید فاموں کی نسبت سیاہ فاموں کی ہلاکتوں میں نو گنا اضافہ ہوا ہے۔