May ۱۴, ۲۰۱۶ ۲۰:۵۳ Asia/Tehran
  • ہانگ کانگ کے معاملے پر چین کا امریکہ کو انتباہ

چین کی وزارت خارجہ نے ہانگ کانگ کے معاملات میں امریکی مداخلت کی بابت سخت خبر دار کیا ہے۔

بیجنگ میں چین کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں امریکہ کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ہانگ کانگ کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہے۔ بیان میں امریکہ سے کہا گیا ہے کہ وہ ہانگ کانگ میں ایک ملک دو حکومتوں کے اصول کا احترام کرے۔

چین کی وزارت خارجہ کے بیان میں امریکہ کی اس تشویش کو بھی سختی کے ساتھ مسترد کر دیا گیا ہے کہ ہانگ کانگ میں جمہوریت خطرے میں ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہانگ کانگ میں جمہوریت کے مستقبل کے بارے میں امریکی تشویش نہ صرف بلاجواز ہے بلکہ اس خطے کے اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت کے مترادف ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ علاقے کی صورتحال کو بحرانی ظاہر کر کے، اس خطے اور چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنا چاہتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ہانگ کانگ کے معاملے پر چین امریکہ کشیدگی میں اس حدتک اضافہ ہوا ہے کہ چین نے گزشتہ ہفتے ایک امریکی بحری بیڑے کو ہانگ کانگ کے ساحلوں پر لنگرانداز ہونے کی اجازت دینے سے بھی انکار کر دیا تھا۔

سنہ دو ہزار چودہ کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جب چین نے کسی امریکی بحری بیڑے کو ہانگ کانگ کے ساحل پر لنگرانداز ہونے سے روک دیا ہے۔

ٹیگس