May ۲۰, ۲۰۱۶ ۱۸:۱۰ Asia/Tehran
  • پاکستان کو امداد کی فراہمی پر مزید کڑی شرائط

امریکی ایوان نمائندگان نے پاکستان کوا مداد کی فراہمی پر مزید سخت شرائط عائد کر دی ہیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان نے ملک کی دفاعی پالیسی کے ایک بل کی منظوری دی ہے جس کے تحت پاکستان کے لیے فوجی امداد کی فراہمی کو بعض مطالبات کی تکمیل سے مشروط کر دیا گیا ہے۔

نیشنل ڈیفنس آتھرائزیشن ایکٹ برائے دو ہزار سترہ کے تحت مخصوص شرائط کے پورا نہ ہونے تک پاکستان کی فوجی امداد پر کڑی پابندیاں عائد کرنے کے حق میں ایوان کے ایک سو سینتالیس ارکان نے ووٹ دیئے۔

اس بل کی رو سے حکومت امریکہ سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کو پینتالیس کروڑ ڈالر کی امداد اُس وقت تک فراہم نہ کی جائے جب تک پاکستان حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی نہیں کرے۔

امریکہ حقانی نیٹ ورک کو افغانستان میں امریکی فوج کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتا ہے۔

امریکی ایوان نمائندگان نے نیشنل ڈیفنس آتھرائزیشن ایکٹ برائے دو ہزار سترہ میں پاکستان کے حوالے سے تین ترامیم کی بھی متفقہ طور پر منظوری دی ہے۔

اس سے قبل امریکی کانگریس نے پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت پر سبسڈی کی مد میں ادا کی جانے والی رقم بھی روک لی تھی۔

ٹیگس