Jun ۱۲, ۲۰۱۶ ۱۶:۳۳ Asia/Tehran
  • جرمنی میں امریکی ڈرون حملوں کے خلاف مظاہرہ

جرمنی کے ہزاروں افراد نے دنیا کے مختلف ملکوں میں امریکا کے ڈرون حملوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا-

جرمن شہریوں نے یہ مظاہرہ جرمنی کے جنوب مغرب میں واقع ریمسٹن ایئربیس کے سامنے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کیا - مظاہرین نے پاکستان، افغانستان، عراق ، شام اور یمن میں امریکی ڈرون حملوں کی مذمت کی -

جرمنی میں امریکی بیس ریمسٹن، ایشیائی ملکوں میں موجود امریکی ڈرون اور امریکا میں ڈرون آپریٹرز کے درمیان معلومات کا تبادلہ کرتی ہے-

امریکا مخالف مظاہرے کا اہتمام کرنے والے منتظمیں کا کہنا ہے کہ امریکا مخالف مظاہرے میں پانچ سے سات ہزار جرمن شہریوں نے حصہ لیا - جرمنی میں واقع یہ بیس یورپ میں امریکی فضائیہ کے ہیڈکوارٹر کے طور پر کام کرتی ہے -

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ریمسٹن کے ذریعے ڈرون کی تعیناتی سے متعلق ڈیٹا کی اجازت جرمنی کے آئین کےخلاف ہے- مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اس بیس کے سیٹلائٹ اسٹیشن کو بند کیا جانا چاہئے-

پاکستان، افغانستان، عراق، یمن اور صومالیہ جیسے ملکوں میں ڈرون حملوں کے بارے میں امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کئے جاتے ہیں جبکہ حملوں کا نشانہ بننے والے علاقوں کے باشندوں کا کہنا ہے کہ امریکا کے ڈرون حملوں میں زیادہ ترعام شہری ہی مارے جاتے ہیں-

 

ٹیگس