Jun ۱۴, ۲۰۱۶ ۱۱:۵۲ Asia/Tehran
  • باراک اوباما نے امریکہ میں ہتھیاروں اور دہشت گردی پر کنٹرول کی تاکید کی اور کہا کہ ہمیں دہشت گرد گروہوں کو نابود کرنا ہوگا۔
    باراک اوباما نے امریکہ میں ہتھیاروں اور دہشت گردی پر کنٹرول کی تاکید کی اور کہا کہ ہمیں دہشت گرد گروہوں کو نابود کرنا ہوگا۔

امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ اورلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب پر حملہ کسی بڑی سازش کا حصہ ہے۔

پولیٹیکو جریدے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی قومی سلامتی کے اعلی حکام کے ساتھ ملاقات کے بعد باراک اوباما نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اورلینڈو میں فائرنگ کا واقعہ دہشت گردی اور نفرت پر مبنی ہے اور حملہ آور عمر متین انٹرنیٹ پر انتہا پسندوں کے پروپیگنڈے سے متاثر تھا۔ جس سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہےکہ ملک کے اندر انتہا پسندی پائی جاتی ہے۔

باراک اوباما نے امریکہ میں ہتھیاروں اور دہشت گردی پر کنٹرول کی بھی تاکید کی اور کہا کہ ہمیں دہشت گرد گروہوں کو نابود کرنا ہوگا۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بھی اورلینڈو واقعے کو نفرت سے بھرا ہوا ایک اقدام قرار دیا ہے۔ جان کیری کا کہناتھا کہ یہ حملہ خوف و ہراس پھیلانے کے مقصد سے کیا گیا۔ جان کیری نے کہاکہ سب سے بری بات یہ ہے کہ ہم کسی گروہ، فرقے یا کسی دوسرے دین پر اس واقعے کا الزام لگائیں۔

واضح رہے کہ اتوار کے دن امریکہ کی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب پر دہشت گردانہ حملے میں پچاس افراد ہلاک اور ترپن زخمی ہوگئے تھے۔ گیارہ ستمبر دو ہزار ایک کے دہشت گردانہ واقعے کے بعد یہ امریکہ میں ہونے والا دہشت گردی کا سب سے بڑا واقعہ ہے۔

 

ٹیگس