جرمنی میں نسل پرستی کے خلاف مظاہرے
جرمنی کے مختلف شہروں میں ہزاروں جرمن باشندوں نے مظاہرہ کر کے نسل پرستی سے اپنی نفرت کا اعلان کیا ہے
پریس ٹی وی کے مطابق ہزاروں جرمن باشندوں نے اتوار کی شام ،برلن، میونخ اورلائپزگ سمیت مختلف شہروں میں مظاہرہ کرکے نسل پرستی اور دائیں بازو کے پوپولسٹ انتہا پسند گروہوں سے نفرت کا اعلان کیا ۔
جرمنی کے دائیں بازو کے انتہا پسند گروہ تارکین وطن کو پناہ دیئے جانے کے مخالف ہیں۔
یاد رہے کہ جرمنی میں دس لاکھ سے زائد تارکین وطن کو پناہ دی گئ ہے ۔ جب سے جرمنی میں تارکین وطن پہنچے ہیں ، دائیں بازو کے انتہا پسندوں کی نسل پرستانہ سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں اور پناہ گزینوں پر حملوں میں شدت آگئی ہے۔
دائیں بازو کے انتہا پسندوں اور نسل پرستی کے خلاف سنیچر کو جرمنی کے ایک مغربی شہر میں عوام نے مظاہرہ کیا جس کے بعد اتوار کو مختلف شہروں میں مظاہرے کئے گئے- رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اتوار کو جرمنی کے انیس چھوٹے بڑے شہروں میں نسل پرستی اور انتہا پسندی کے خلاف مظاہرے کئے گئے۔
جرمنی کی نسل پرستی مخالف تنظیموں کے کنفیڈریشن کے چیئرمین رینر ہافمین کا کہنا ہے کہ جرمنی کے عوام کی اکثریت احمقانہ نسل پرستی کے مخالف اور انسانیت کے طرفدار ہیں۔