Jun ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۷:۱۰ Asia/Tehran
  • انسانی حقوق کونسل میں سعودی عرب کی رکنیت ختم کرنے کا مطالبہ

انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں سعودی عرب کی رکنیت ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انسانی حقوق کی دو اہم اور بڑی عالمی تنظیموں ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ نے اقوام متحدہ کے رکن ملکوں سے کہا ہے کہ وہ انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کرنے اور یمنی شہریوں کا قتل عام کرنے کی بناء پر انسانی حقوق کونسل میں سعودی عرب کی رکنیت ختم کر دیں-

فرانس پرس کے مطابق انسانی حقوق کی ان دونوں تنظیموں نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے رکن ملکوں کو چاہئے کہ وہ سعودی عرب کی رکنیت ختم کرانے کی کوشش شروع کر دیں- ہیومن رائٹس واچ کے ڈپٹی ڈائریکٹر فلیپ بولو پین نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی پامالی میں سعودی حکومت نے سبھی حدیں پار کر دی ہیں اس لئے اس کو انسانی حقوق کونسل کا رکن بنے رہنے کا کوئی حق نہیں ہے- ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب یمن میں عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے اور اس نے یمن کی بندرگاہوں کا محاصرہ کر کے اس ملک کے عوام کے لئے امدادی اشیا کی ترسیل کا راستہ بھی مسدود کر دیا ہے -

ہیومن رائٹس واچ کے ڈپٹی دائریکٹر کا کہنا تھا کہ جس طرح سے سعودی عرب یمن میں عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے ایسا کوئی بھی دوسرا ملک نہیں کرسکتا- ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی کہا ہے کہ سعودی حکومت اپنے ملک میں نظریاتی اختلاف رکھنے والوں سے وحشیانہ طریقے سے پیش آرہی ہے اور ایسے الزام کے تحت سیاسی مخالفین کو سزائے موت دی جا رہی ہے کہ جس کی سزا عالمی قوانین میں موت نہیں ہے-

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سعودی حکومت اپنے سیاسی مخالفین کو یا تو جیل میں بند کر دیتی ہے یا پھر ملک بدر کر دینے کی دھمکیاں دیتی ہے-

ٹیگس