Jul ۰۷, ۲۰۱۶ ۱۲:۲۹ Asia/Tehran
  • ٹونی بلیر پر جنگی مجرم کی حیثیت سے مقدمہ چلایا جائے: مظاہرین کا مطالبہ

برطانیہ کے جنگ مخالف گروپ نے بدھ کو ، جنگ عراق میں برطانیہ کی مداخلت کےبارے میں سر جان چلکوٹ کی رپورٹ پڑھے جانے کے موقع پر لندن میں مظاہرہ کیا اور ٹونی بلیر پر ایک جنگی مجرم کی حیثیت سے مقدمہ چلائے جانے کا مطالبہ کیا-

ارنا کی رپورٹ کے مطابق اس مظاہرے میں، جو اسٹاپ وار کولیشن کی اپیل پر کیا گیا ، مظاہرین اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر سابق وزیر اعظم ٹونی بلیر کو جنگی مجرم لکھا گیا تھا اور ان پر جنگی مجرم کی حیثیت سے مقدمہ چلائے جانے کا مطالبہ کیا گیا تھا- بعض مظاہرین ٹونی بلیر کے ایسے ماسک پہنے ہوئے تھے جو خون میں آلودہ تھے- مظاہرین نے اپنے اختتامی بیان میں جنگ عراق سے متعلق حقائق برملا کئے جانے پر تاکید کی-

واضح رہے کہ جنگ عراق میں برطانیہ کے کردار کے بارے میں تحقیقات کرنے والے سرکاری کمیشن نے اس جنگ میں برطانیہ کی شمولیت کو نامناسب قرار دیا ہے-

سرکاری انکوائری کمیشن کے سربراہ سر جان چلکوٹ نے کہا کہ صلح کے امکان کے باوجود حکومت برطانیہ نے سن دو ہزار تین میں عراق پر جارحیت میں شرکت کی، جو انتہائی نامناسب اقدام ہے۔ انہوں نے عراق کے خلاف فوجی ایکشن کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عرا ق میں وسیع تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کا بہانہ بلا جواز تھا۔ سر چلکوٹ نے اپنی رپورٹ میں عراق پر حملے میں برطانیہ کی شمولیت کے حوالے سے سابق وزیر اعظم ٹونی بلیئر کو قصور وار ٹہراتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ چلانے کی بھی سفارش کی۔

ٹیگس