سئول اور واشنگٹن، تھاڈ میزائل کی تنصیب پر متفق
جنوبی کوریا نے اپنی سرزمین پر تھاڈ میزائل نصب کئے جانے کے بارے میں امریکہ کے ساتھ حتمی سمجھوتہ طے پانے کی خبر دی ہے-
روئٹر کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے جمعے کو ایک بیان میں اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کا اینٹی میزائل سسٹم تھاڈ ، صرف شمالی کوریا کے میزائلوں سے لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے، عنقریب ہی نصب کردیا جائے گا-
جنوبی کوریا کے فوجی ذرائع نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ اس سسٹم کو سئول کے جنوب میں ستر کیلو میٹر دور واقع علاقے دائگو یا پیونگتائگ میں امریکی فوجی اڈوں میں نصب کئے جانے کا امکان ہے-
تھاڈ سسٹم نصب کئے جانے کے سلسلے میں جنوبی کوریا اور امریکہ کے مذاکرات ، شمالی کوریا کی جانب سے چوتھے ایٹمی تجربے اور دورمار میزائل کے تجربے کے بعد رواں سال فروری میں شروع ہوئے تھے- جنوبی کوریا کے اس فیصلے پر شمالی کوریا اور چین نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے-