Jul ۱۶, ۲۰۱۶ ۲۰:۵۸ Asia/Tehran
  • فتح اللہ گولن کی حوالگی سے متعلق کوئی درخواست نہیں ملی: امریکی وزیر خارجہ

امریکہ نے کہا ہے کہ ترکی کے خود ساختہ جلا وطن رہنما فتح اللہ گولن کی حوالگی سے متعلق کوئی درخواست نہیں ملی۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اپنے ایک بیان میں ترکی میں فوجی بغاوت کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کو ترک حکومت کے مخالف رہنما فتح اللہ گولن کی حوالگی سے متعلق انقرہ سے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر فوجی بغاوت میں فتح اللہ گولن کے ملوث ہونے کے کوئی ثبوت ہیں تو وہ پیش کیے جائیں۔

جان کیری نے امید ظاہر کی کہ حکومت ترکی فوجی بغاوت میں ملوث افراد کے خلاف آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے کارروائی کرے گی۔

حکومت ترکی نے امریکہ میں قیام پذیر خود ساختہ جلاوطن رہنما فتح اللہ گولن کے حامیوں پر، فوجی بغاوت میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔

ترک حکومت کا کہنا ہے کہ اس نے امریکہ سے فتح اللہ گولن کی حوالگی کی درخواست کی ہے اور وہ ان کی حمایت کرنے والی ہر حکومت کو اپنا دشمن سمجھتی ہے۔

حکومت ترکی نے فتح اللہ گولن پر فوجی بغاوت کی حمایت کا الزام ایسے وقت میں لگایا ہے جب خود انہوں نے اپنے بیان میں فوجی بغاوت سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔

امریکا میں خود ساختہ جلا وطن رہنما فتح اللہ گولن نے ترکی میں فوجی بغاوت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے پانچ دہائیوں کے دوران کئی بار فوجی بغاوت کا سامنا کیا ہے اور فوجی بغاوتوں کا مقابلہ کرنے والوں پر ایسا الزام لگانا توہین آمیز ہے۔

ترکی میں ہفتے کی علی الصبح ہونے والی فوجی بغاوت میں کم سے کم ایک سو ساٹھ افراد ہلاک اور پندرہ سو کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔

ٹیگس