امریکی پولیس کے نسل پرستانہ رویئے کے خلاف مظاہرہ کرنے والے درجنوں افراد گرفتار
امریکی پولیس کے نسل پرستانہ رویئے کے خلاف مظاہرہ کرنے والے درجنوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
خبروں کے مطابق امریکی پولیس نے دس نوجوانوں سمیت پینسٹھ افراد کو اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ بالٹی مور شہر میں پولیس تشدد کے خلاف ایک مظاہرے میں شریک تھے۔ مظاہرے کے نتیجے میں بالٹی مور کی مرکزی شاہراہ بند اور ٹریفک معطل ہو گئی تھی۔
پولیس نے دعوی کیا ہے کہ ان افراد کو ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے اور پولیس کے احکامات ماننے سے انکار کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔
جولائی کے اوائل میں بھی امریکی پولیس نے ایک سیاہ فام امریکی شہری کے قتل کے خلاف مظاہرہ کرنے والے سو افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔
اسی ہفتے کے دوران دو امریکی پولیس اہلکاروں نے ریاست لوئیزیانا میں ایک اور سیاہ فام شہری کو گولیاں مار کرقتل کر دیا تھاجس کے بعد پورے امریکہ میں پولیس کے خلاف مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔