امریکہ میں گیارہ ستمبر کے واقعات کے متاثرین کی سعودی عرب کے خلاف پہلی شکایت
امریکی کانگریس میں جیسٹا قانون منظور ہونے کے بعد گیارہ ستمبر دو ہزار ایک کے واقعات میں ریاض کے ملوث ہونے کے سلسلے میں امریکہ میں سعودی عرب کے خلاف پہلی شکایت درج کرائی گئی ہے۔
فارس نیوز ایجنسی نے بلومبرگ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ امریکی کانگریس میں سعودی عرب کے خلاف شکایت کا قانون پاس ہونے کے بعد گیارہ ستمبر کے دہشت گردانہ واقعات میں امریکی وزارت دفاع پینٹاگون کی عمارت میں ہلاک ہونے والے پیٹرک ڈان کی اہلیہ اسٹفانی راس دی سائمن نے جمعہ کے روز واشنگٹن کی عدالت میں شکایت کی ہے۔
یہ شکایت امریکی ایوان نمائندگان اور سینیٹ کی جانب سے صدر اوباما کے ویٹو کو رد کیے جانے کے دو روز بعد کی گئی ہے۔
یہ قانون عدالتوں کو اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ وہ امریکہ کی سرزمین پر دہشت گردانہ حملے کے موقع پر غیرملکی حکومتوں کو حاصل عدالتی تحفظ کو ان حکومتوں یا حکومت کے لیے ختم کرسکتی ہیں کہ جو ایسے حملوں میں ملوث ہوں۔
یہ قانون اس کے بعد منظور کیا گیا کہ امریکی قانون سازوں نے گیارہ ستمبر کے واقعات کے بارے میں اٹھائیس صفحات پر مشتمل رپورٹ چھاپ کر اس بات پر زور دیا کہ گیارہ ستمبر کے واقعات میں ملوث کئی افراد کا سعودی حکومت کے حکام کے ساتھ رابطہ تھا۔
اسی طرح گیارہ ستمبر کے واقعات انجام دینے والے انیس افراد میں سے پندرہ کا تعلق سعودی عرب سے تھا۔