Dec ۰۷, ۲۰۱۶ ۱۸:۱۷ Asia/Tehran
  • صدر ڈونلڈٹرمپ نے اپنی فوجی پالیسی کا اعلان کر دیا

امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حکومت کی فوجی پالیسی کی ترجیحات کا اعلان کر دیا ہے۔

برطانوی خبررساں ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حکومت کی فوجی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج ، بیرونی تنازعات میں مداخلت سے گریز کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہماری ساری توجہ داعش کو شکست دینے پر مرکوز ہے اور ہم اپنی فوجی طاقت میں اضافے کے ذریعے امن کے حصول کی کوشش کریں گے۔
امریکہ کے نومنتخب صدر نے عراق پر امریکی لشکر کشی کو غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کسی بھی دوسرے ملک میں حکومتوں کا تختہ الٹنے کی کوشش کرے گا نہ ہی ایسے اقدامات میں حصہ لے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی اہداف سے اتفاق رکھنے والے ہر ملک کو امریکہ کا شریک تصور کیا جائے گا۔
انہوں نے مشرق وسطی کی جنگ میں بھاری بھرکم اخراجات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے امریکی عوام کو یقین دلایا کہ جنگوں پر رقم خرچ کرنے کے بجائے سڑکوں اور شاہراہوں، پلوں اور ہوائی اڈوں کی تعمیر نو کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا کہ امریکہ کو بیرونی دنیا میں مداخلت اور ہرج و مرج کی پالیسی ترک کرنا ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امریکی فوج کو جارحیت کے لیے نہیں بلکہ دفاع کے لیے مضبوط بنانا ہوگا۔

 

ٹیگس