المشاط: صنعاء پر صیہونی حکومت کے حملے ناکام
یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے سربراہ نے کہا ہے کہ صنعاء پر صیہونی حکومت کے حملے ناکام رہے ہيں-
سحرنیوز/عالم اسلام:مہدی المشاط نے یمنی خبر رساں ایجنسی سبآ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے فلسطین کی حمایت میں اپنے ملک کے ثابت قدم رہنے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ جب تک غزہ کا محاصرہ ختم اور غزہ کے خلاف اسرائیلی مظالم اور جرائم کا سلسلہ بند نہيں ہوجاتا فلسطین کی حمایت بھی جاری رہے گی-
انہوں نے کہا کہ صنعاء پر صیہونی حکومت کے حملے ناکام ہوئے ہیں اور ناکام ہوتے رہیں گے اور ہمارے طاقتور بازو انہیں ضرور سبق سکھائیں گے۔
یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے سربراہ نے مزید کہا کہ نیتن یاہو شکست کھا چکے ہیں اور خطے میں وحشیگری اور بربریت کے ذریعے خود کو اپنے داخلی بحرانوں سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ رات صیہونی حکومت نے یمن کے خلاف اپنی جارحیت کو جاری رکھتے ہوئے اس ملک کے دارالحکومت صنعا کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا۔اس حملے کے بعد سعودی عرب کے العربیہ اور الحدث چینلوں نے یہ دعوی کیا کہ صیہونی حکومت کے حملوں میں ان گھروں کو نشانہ بنایا گیا کہ جہاں انصار اللہ کے عہدیدار تھے۔
انصار اللہ کے ایک عہدیدار حزام الاسد نے یمن پر دوبارہ اسرائیلی جارحیت کے بارے میں کہا کہ یمنی عوام کے خلاف صیہونی جارحیت ناکام ہو چکی ہے اور وہ غزہ کے لیے ہماری حمایت کو روکنے کے اپنے مقصد کو کبھی حاصل نہیں کر سکے گی۔