Dec ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۳:۳۰ Asia/Tehran
  • شام کے امور میں روسی صدر کے خصوصی ایلچی کا دورہ ایران

شام کے امور میں روسی صدر کے خصوصی نمائندے نے ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے اسٹریٹیجک تحقیقات کے مرکز کے سربراہ سے علاقے کے حالات کے بارے میں بات چیت کی ہے۔

شام کے امور میں روسی صدر کے نمائندے الیگزینڈر لاورنتیف نے اتوار کے روز تہران میں ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے اسٹریٹیجک تحقیقات کے مرکز کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی سے ملاقات کی اور شام اور علاقے کے حالات اور دہشت گرد گروہوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے اس ملاقات میں امید ظاہر کی کہ ماسکو اور تہران دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی تعلقات میں ہر روز مثبت قدم اٹھائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ روس اور ایران کے تعلقات فروغ پا رہے ہیں اور یہ ملاقاتیں مختلف سطحوں پر انجام پا رہی ہیں۔ شام کے امور میں روسی صدر کے خصوصی نمائندے الیگزینڈر لاورنتیف نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ ایران اور روس کے تعلقات فروغ پا رہے ہیں اور انھوں نے دو طرفہ تعلقات اور اسی طرح علاقے کے بحرانوں کے بارے میں ڈاکٹر علی اکبر ولایتی سے بات چیت کی۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران اور روس کے حکام کی بڑھتی ہوئی ملاقاتیں دونوں ملکوں کے تعلقات میں فروغ کی عکاسی کرتی ہیں۔ شام کے امور میں روسی صدر کے خصوصی نمائندے نے تین دسمبر کو بھی تہران کا دورہ کیا تھا جس کے دوران انھوں نے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اور ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے اسٹریٹیجک تحقیقات کے مرکز کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی سے ملاقات اور بات چیت کی تھی۔ واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور روس علاقے خاص طور پر شام کی تبدیلیوں میں دو موثر اور اہم ملکوں کی حیثیت سے مغربی ایشیا کے سیاسی توازن میں اہم کردار کے حامل ہیں اور فریقین کے مابین خوشگوار تعاون جاری ہے۔

ٹیگس