بم کی اطلاع پر، ماسکو کے 3 ریلوے اسٹیشن خالی
ماسکو کے 3 ریلوے اسٹیشنوں کو دہشت گردی کی دھمکی کے بعد مسافروں اور کارکنوں سے خالی کرالیا گیا۔
روسی خبررساں ایجنسی ریانوستی کے مطابق ٹیلی فون کے ذریعے بم رکھے جانے کی اطلاع کے بعد، کازانسکی، لیننگراڈسکی اور یاروسلاؤسکی اسٹیشنوں کو فوری طور پر مسافروں اور عملے سے خالی کرا کے تلاشی لی گئی۔
اس رپورٹ کے مطابق مذکورہ تینوں ریلوے اسٹیشن ماسکو کے انتہائی مصروف اسٹیشن شمار ہوتے ہیں جہاں سے روزانہ ہزاروں افراد ٹرینوں میں سوار ہوتے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق 3 ہزار کے قریب مسافروں اور عملے کے افراد کو مذکورہ اسٹشنوں سے باہر نکالا گیا ہے۔
اس سے قبل روس کی مرکزی انٹیلی جینس ، ایف ایس بی نے کہا تھا کہ اس نے ملک میں دہشت گردی کے متعدد منصوبوں کو ناکام بنادیا ہے۔
روسی صدر نے بھی کچھ عرصہ قبل اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ رواں سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران ملک میں تخریب کاری اور دہشت گردی کے کم سے کم 10منصوبوں کو ناکام بنایا گیا ہے۔