Dec ۲۹, ۲۰۱۶ ۱۴:۴۱ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کی جانب سے اوباما پر اقتدار کی منتقلی میں روڑے اٹکانے کا الزام

امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام لگایا ہے کہ امریکہ کے موجودہ صدر، سخت بیان اور تقریریں کر کے اقتدار کی منتقلی کے عمل میں رخنہ اندازی کر رہے ہیں۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئیٹ کیا ہے کہ وہ امریکہ کے موجودہ صدر بارک اوباما کے سخت بیانات اوررخنہ اندازی کو نظرانداز کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔

بارک اوباما نے، جو آئندہ سال بیس جنوری کو وائٹ ہاؤس کا اقتدار ڈونلڈ ٹرمپ کے سپرد کرنے والے ہیں، اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ وہ آئین کے مطابق اگر لگا تار تیسری بار صدارتی امیدوار بن سکتے ہوتے تو انتخابات میں ضرور کامیاب ہو جاتے۔

دوسری جانب امریکہ کے شہری ترقی کے وزیر نے کہا ہے کہ امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ، امریکہ میں صدارتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے اب تک کے بدترین امیدوار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس پہنچنے کے ساتھ ہی فیڈرل نظام متاثر ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکہ کے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے اعلان کے بعد سے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے جاتے رہے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد قومی و نسلی امتیازی سلوک بڑھ جائے گا اور لوگوں کے شہری حقوق پر بندشیں لگ جائیں گی۔

ٹیگس