دہشت گردی کے خلاف مزید اقدامات پر زور
یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج نے دہشت گردانہ حملوں کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
بریسلز سے ہمارے نمائندے کے مطابق یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج فیڈریکا موگرینی نے نئے سال کے آغاز کے موقع پر ترکی کے شہر استنبول میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ دنیا میں نئے سال کا آغاز دہشت گردی کے سانحے سے ہوا ہے۔
فیڈریکا موگرینی نے یورپی ملکوں پر زور دیا کہ وہ دہشتگردانہ حملوں کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات عمل میں لائیں۔ انہوں نے یورپی ملکوں میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کی بابت بھی سخت خبر دار کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ترکی کے شہر استنبول کے ایک نائٹ کلب میں نئے سال کی تقریبات کے موقع پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں پینتس افراد ہلاک اور چالیس دیگر زخمی ہوئے ہیں۔