Jan ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۱:۰۲ Asia/Tehran
  • نائیجیریا: مہاجرین کےکیمپ پر 'غلطی' سے بمباری،100 ہلاک

نائیجیریا میں بوکو حرام تنظیم کے خلاف کارروائیاں کرنے والے فضائیہ کے جنگی طیارے نے 'غلطی' سے مہاجرین کے کیمپ پر بمباری کردی جس کے نتیجے میں 100 مہاجرین ہلاک اور بین الاقوامی امدادی رضاکاروں سمیت 120 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شمال مشرقی نائیجیریا میں دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشن کے فوجی کمانڈر لکی ارابر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جنگی طیارے نے کیمرون کی سرحد کے قریب ران کے شمال مشرقی علاقے پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 100 مہاجرین ہلاک اور بین الاقوامی امدادی رضاکاروں سمیت 120 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

ڈاکٹروں کی بین الاقوامی فلاحی تنظیم ڈاکٹر ود آؤٹ بارڈر نے اس بمباری میں 50 افراد کے جاں بحق ہونے اور 120 کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے مظلوم و بے گھر مہاجرین پر حملے کو ظالمانہ اور ناقابل برداشت قرار دیا ہے۔

واضح رہے یہ پہلی بار نہیں ہے کہ نائیجیریا کی فوج عام شہریوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنا رہی ہے۔ مارچ  2014 میں بھی اس ملک کی فضائیہ نے غلطی سے ایک گاوں پر بمباری کی تھی جس میں 5 عام شہری مارے گئے تھے۔

اعداد و شمار کے مطابق نائیجیریا میں بوکو حرام دہشت گرد گروہ کے دو ہزار نو سے حملے جاری ہیں جن میں اب تک بیس ہزار افراد مارے جا چکے ہیں جبکہ چھبّیس لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ بوکو حرام دہشت گرد گروہ، گذشتہ پانچ برسوں سے زائد عرصے سے افریقہ کے مختلف ملکوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنا رہا ہے جن میں اس براعظم کے مختلف ملکوں میں دسیوں سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

 

 

 

ٹیگس