امریکہ میں پناہ گزینوں کو قبول کرنے کی حد میں بہت زیادہ کمی، سفید فاموں کو ترجیح
امریکہ نے مخصوص شرطوں کے ساتھ ملک میں پناہ گزینوں کو قبول کرنے کی حد ایک لاکھ سے کم کرکے محض 7500 کر دی ہے۔
سحرنیوز/دنیا: اس کے ساتھ ہی ٹرمپ انتظامیہ نے جنوبی افریقہ کے سفید فام لوگوں کو ترجیح دینے کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں ٹرمپ انتظامیہ نے ملک میں سالانہ قبول کیے جانے والے پناہ گزینوں کی تعداد میں بڑی حد تک کمی کرنے اور سفید فام جنوبی افریقیوں کو ترجیح دینے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے اعلان کردہ نئی پالیسی کے تحت، امریکہ مالی سال 2026 میں محض 7500 پناہ گزینوں کو ہی ملک میں داخلہ دے گا۔
یہ تعداد گزشتہ حکومت کے دور میں ایک سال میں پناہ گزینوں کو قبول کئے جانے کی مقررہ تعداد سے بہت زیادہ کم ہے جو ایک لاکھ تھی۔
صدر ٹرمپ نے دوبارہ عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد مہاجرین کی آمد پر روک لگا دی تھی لیکن وہ سفید فام جنوبی افریقیوں کے سلسلے میں رعایت برت رہے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کی ایک دستاویز کے مطابق، موجودہ مالی سال کے دوران، جو یکم اکتوبر سے شروع ہوا ہے، قبول کیے جانے والوں میں بیشتر سفید فام جنوبی افریقی ہوں گے جنہیں، بقول وائٹ ہاؤس کے، امتیازی سلوک کا سامنا ہے حالانکہ افریقہ اس بات پر اصرار کرتا ہے کہ انہیں اپنے وطن میں زیادتی کا سامنا نہیں ہے۔