روس کی سرحد کے قریب نیٹو کی فوجی مشقیں
نیٹو نے ناروے کے شمال میں روس کی سرحد کے قریب فین مارک کے علاقے میں وسیع فوجی مشقیں شروع کردی ہیں۔
پرس ٹی وی نے خبردی ہے کہ نیٹو کی یہ فوجی مشقیں پیر سے شروع ہوئی ہیں جن میں برطانیہ امریکا اور ناروے کے آٹھ ہزار فوجی شریک ہیں۔
روسی سرحد کے قریب ہونے والی یہ فوجی مشقیں پندرہ مارچ تک جاری رہیں گی۔
ناروے کی مسلح افواج نے ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ ان فوجی مشقوں کا اصل مقصد دفاعی مشقیں انجام دینا اور بحرانوں سے نمٹنے کی مشق کرنا ہے۔
امریکا نے جنوری میں تقریبا تین سو میرین فوجیوں کو ناروے بھیجا تھاجس پر روس نے شدید ردعمل ظاہر کیا تھا۔
یہاں یہ بات قابل ذکرہے کہ نیٹو نے کئی مہینے پہلے سے اس کے اپنے لفظوں میں روس کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے اسٹوینیا ، لیتھوانیا اور لیٹویا میں اپنے فوجی اور فوجی ساز وسامان روانہ کرنے شروع کردئے تھے۔ مشرقی یوکرین کے بحران اور جمہوریہ کریمیا کے روس کے ساتھ الحاق کے بعد سے روس اور نیٹو میں کشید گی اپنے عروج پر ہے۔